کابل،18جون؍(آئی این ایس انڈیا)عراقی فوج امریکی قیادت میں اتحادی فضائی مدد کے ذریعے فلوجہ شہر کے مرکز تک پہنچ گئی ہے۔ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے شہر پر حکومتی قبضے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری فوج شہر کے وسط میں بلدیہ کی عمارت تک میں داخل ہو چکی ہے۔ یہ شہر ایک طویل عرصے سے شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے قبضے میں تھا۔ بغداد سے مغرب کی جانب صرف ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع اس شہر کا ایک بڑا حصہ اب سرکاری فورسز کے قبضے میں ہے، جب کہ یہاں باردوی سرنگوں اور باردوی مواد کی صفائی کا کام شروع کیا جا چکا ہے۔ شہر کے مرکز میں واقع سرکاری عمارات پر ایک مرتبہ پھر عراق کا قومی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔